سفارتی محاذ پر بھارت کو بڑا دھچکا، ورلڈ بینک نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی مسترد کر دی
تفصیلات کے مطابق بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ورلڈ بینک نے واضح طور پر کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔ ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ معاہدے کی معطلی یا کسی بھی قسم کی ترمیم صرف دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے ممکن ہے۔
اجے بنگا نے مزید بتایا کہ سندھ طاس معاہدے میں عالمی بینک کا کردار سہولت کار کا ہے اور اس معاہدے کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ورلڈ بینک کے اس واضح مؤقف سے بھارت کی یکطرفہ کارروائی ناکام ہو چکی ہے اور اس کے مکروہ عزائم بے نقاب ہو گئے ہیں۔
یہ بیان بھارت کے خلاف سفارتی محاذ پر پاکستان کے موقف کو تقویت دیتا ہے اور سندھ طاس معاہدے کی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرتا ہے۔