سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر علاقائی دفاع یقینی بنائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کے بروقت اقدامات نے جنوبی ایشیا ء کو تباہی سے بچایا‘خراج تحسین پیش کرتا ہوں:وزیراعظم

دفاعی معاہدے کی حمایت پر ٹرمپ  کا خیرمقدم  خطے کی سلامتی کیلئے کردار جاری رکھیں گے شہبازشریف
پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کا اتحاد خطے کی سلامتی کے لئے اہم ہے‘پائیدار امن عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے بنیادی شرط ہے:وزیراعظم کا ایکس پر بیان
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے اور حوصلہ افزا کلمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں،پائیدار امن عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کیلئے بنیادی شرط ہے،سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر علاقائی دفاع یقینی بنائیں گے۔امریکی صدر کی جانب سے دئیے گئے بیان پر وزیر اعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا  کہ برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان برادر ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے دفاع کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ اتحاد خطے کی سلامتی کے لئے اہم ہے۔انہوں نے امریکی صدرکے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے  کہا کہ میں ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، جس نے جنوبی ایشیا میں ایک جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار امن ہمارے عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے سب سے اہم بنیادی شرط ہے۔