رافیل سکینڈل،آج تک طیاروں کی اصل قیمت نہیں بتائی گئی: کانگریس رہنما

ڈیل میں تقریباً 41ہزار کروڑ کی کرپشن کی گئی ہے،سنجے نروپم، قوم کو وضاحت نہیں تحقیقات کی ضرورت،رندیپ سنگھ
نئی دہلی (آئی این پی ) پاکستان کے ہاتھوں سبکی کے بعد بھارت میں رافیل طیاروں سے متعلق سکینڈل نے ایک بار پھر سراٹھا لیا ،کانگریس رہنمائوں نے  شدید ردعمل دیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجیوالا نے کہا ہے کہ ڈکٹیشن پر مبنی انٹرویوز اور گھڑی ہوئی جھوٹی باتیں رافیل سکینڈل کو نہیں دبا سکتیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو تبدیل شدہ وضاحت نہیں تحقیقات کی ضرورت ہے، بی جے پی حکومت اور ڈسالٹ کے درمیان طے شدہ میچ رافیل بدعنوانی کو چھپا نہیں سکتا۔ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے مزید کہا کہ مودی اور ایرک ٹراپیئر کے پی آر اسٹنٹس کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔کانگریس رہنما سنجے نروپم نے کہا کہ رافیل ڈیل میں تقریباً 41ہزار کروڑ کی کرپشن کی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج تک رافیل طیاروں کی اصل قیمت نہیں بتائی گئی۔کانگریس رہنما سنجے نروپم کا کہنا تھا کہ رافیل کی آفیشل ڈیل میں مودی کے دوست انیل امبانی کو خاص ترجیح دی گئی۔