رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے شکست کا پیغام :برطانوی اخبار

لندن (خصوصی رپورٹ) برطانوی اخبار نے پاکستان ایئرفورس کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے اور کہا رافیل کی تباہی کو گیم چینجر اور بھارت کیلئے شکست کا پیغام قرار دے دیا ہے۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں رافیل طیاروں کی تباہی پر مضمون میں لکھا ہے کہ چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی نے عالمی عسکری ماہرین کونظریہ بدلنے پر مجبور کردیا اور پاکستان نے بھارتی تکبر کے پرخچے اڑادئیے، رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے نہ صرف تضحیک آمیز بلکہ خطے میں گیم چینجر بھی ہے۔ رافیل طیارے پاکستانی سرحد سے 300 کلومیٹر دور رہے پھر بھی پاکستانی شاہینوں نے شکار کرلیا اور رافیل کے انڈین پائلٹس کو اپنی طرف آتی موت کی خبرنہ ہوسکی۔برطانوی اخبار کا کہنا تھا کہ پائلٹس کو جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے اپنے ٹارگٹ کو لاک کرنے کا موقع بھی نہ مل سکا اور یہ بھی پتا نہ چل سکا کہ کس چیز نے تباہ کیا۔صحافی میمفس بارکر نے لکھا ہتھیار نظر ہی نہ آئے تو پائلٹ خود کو کیسے بچائے، پاکستان نے ایسا درد دیا جو بھارت ہمیشہ یاد رکھے گا ، یہ کوئی ڈاگ فائٹ نہیں تھی بلکہ بھارتی اور گلوبل ڈاکٹرائن کاخاتمہ تھا۔