بی جے پی رہنما نے کرنل صوفیہ کو دہشتگردوں کی بہن قرار دیدیا

بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو  معافی مانگنے کیلئے تیار ہوں:وجے شاہ کی تنقید کے بعد معذرت
وجے شاہ کو مدھیہ پردیش کی کابینہ سے فارغ  کیا جائے: بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کا مطالبہ
 نئی  دہلی (آئی این پی ) بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے سینئر رہنما اور ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن سندور کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرنے والی مسلم فوجی کرنل صوفیہ قریشی کو ہی دہشتگردوں کی صف میں لاکھڑا کیا۔ بھارتی ریاست مدھیہ پریش کے وزیر وجے شاہ نے بجائے اپنی حکومت اور فوج کی ناکامی کو تسلیم کرنے کے مسلمانوں سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کرنل صوفیہ کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ وجے شاہ کا کہنا تھا دہشتگردوں نے ہمارے ہندو بھائیوں کو کپڑے اتار کر قتل کیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کے جواب میں دہشتگردوں کی بہن کو ہی آرمی کے جہاز میں ان کے گھروں پر حملہ کرنے کے لیے بھیجا، دہشتگردوں نے ہماری بہن کو بیوہ کیا، اس لیے مودی جی نے ان (دہشتگردوں ) کی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بہنوں کو انہیں سبق سکھانے کے لیے بھیجا۔اس نفرت انگیز بیان کے بعد وجے شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر انہوں نے ایک تعزیتی بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، کرنل صوفیہ کی اپنی بہن سے زیادہ عزت کرتا ہوں۔دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وجے شاہ کو مدھیہ پردیش کی کابینہ سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے اپنے بیان میں کہا کہ جن کسی نے بھی یہ نفرت انگیز بیان دیا ہے اسے فوری طور پر معطل کیا جا نا چاہے۔