بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ملک کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہوں علی امین گنڈاپور

ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی‘ اب ذات اور انا سے نکل کر ملک کیلئے سوچنے کی ضرورت ہے، پورے پاکستان کو متحد ہونے کی ضرورت ہے 
 ملاکنڈ ڈویژن کو تقسیم کر کے دو الگ الگ ڈویژن بنائے جائیں‘، انتظامی یونٹس چھوٹے ہونے سے سروس ڈیلیوری اور گورننس میں بہتری آئے گی
  اسلام آباد‘پشاور(آئی این پی‘آن لائن ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور  نے کہا  ہے  بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ ملک کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کی مکمل رہائی کیلئے بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں، بجٹ میں ان کے وژن کیلئے ملاقات ہونی چاہیے لیکن ملنے نہیں دیا جا رہا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب ذات اور انا سے نکل کر ملک کیلئے سوچنے کی ضرورت ہے، پورے پاکستان کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھی بیان دیا ہے قوم کو متحد ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے بچوں کی ویڈیو اصلی ہیں یا جعلی اس پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔دریں اثناء  ملاکنڈ ڈویژن کے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے لئے منعقدہ مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علی امین  گنڈاپور نے ملاکنڈ ڈویژن کو تقسیم کر کے دو الگ الگ ڈویژن بنانے کا اعلان کیا ہے اور ملاکنڈ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں باہمی مشاورت سے جزئیات طے کر لیں۔ ملاکنڈ بہت وسیع رقبے پر پھیلا ہوا پہاڑی علاقہ ہے، لوگوں کی سہولت کے لئے اسے دو ڈویژنز میں تقسیم کرنا ضروری ہے، انتظامی یونٹس چھوٹے ہونے سے سروس ڈیلیوری اور گورننس میں بہتری آئے گی۔