انڈونیشیا :53قیدی جیل توڑ کر فرار،21 گرفتار،32 مفرور

جیل میں 100قیدیوں کی گنجائش ، 368 قید تھے،فرارکی ممکنہ وجہ گنجائش کی کمی ہوسکتی ہے،میڈیا
 جکارتہ (آئی این پی )انڈونیشیا میں 53قیدی جیل توڑ کر فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 21قیدیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ 32 تاحال مفرور ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 21قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کی ممکنہ وجہ جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی بتائی جارہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل میں 100قیدیوں کی گنجائش ہے تاہم اس وقت وہاں 368مجرم قید تھے۔آچے ٹینگگارا کے پولیس سربراہ ڈونی سمرسونو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ابھی تک قیدیوں کی تلاش کر رہے ہیں جو فرار ہوچکے ہیں۔ ان کے لیے بہتر ہے کہ وہ فوری گرفتاری دے دیں ورنہ انھیں مزید سزا مل سکتی ہے۔