ٹرمپ نے جنگ بندی سے متعلق امریکی تجویز پر روسی صدر کا بیان نامکمل قرار دیدیا

صدرپیوٹن اور دیگر کیساتھ سنجیدہ بات چیت جاری، امید ہے روس جنگ بندی تجویز پر مثبت ردعمل دیگا،امریکی صدر
 جنگ بندی کی تجویز پر پیوٹن کا ردعمل چالاکی پر مبنی ہے ،یوکرینی صدر زیلنکسی کا روس پر مزید پابندیوں کامطالبہ
واشنگٹن (آئی این پی )ا مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی سے متعلق امریکی تجویز پر روسی صدر پیوٹن کا بیان نامکمل قرار دے دیا۔غیر ملکی خبررساں  ادارے کے مطابق روس کے صدر پیوٹن نے ایک  پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ روس جنگ بندی کیلئے تیار ہے لیکن یوکرین کو مزیدشرائط ماننا ہوں گی۔ روسی صدر نے کہا کہ وہ جنگ بندی کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں لیکن کچھ معاملات ہیں جن پر امریکی صدر سے ہمیں بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران روسی صدر کے بیان کو امید افزاء لیکن نامکمل قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدرپیوٹن اور دیگر کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے، امید ہے روس جنگ بندی کی تجویز پر مثبت ردعمل دے گا۔دوسری جانب یوکرینی صدر زیلنسکی نے جنگ بندی کی تجویز پر پیوٹن کے ردعمل کو چالاکی پر مبنی قرار دیتے ہوئے روس پر مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا تاکہ اسے امن معاہدے پر مجبور کیا جا سکے۔صدر زیلنسکی نے کہا کہ روسی صدر اکثر ایسا ہی کرتے ہیں، وہ براہ راست انکار نہیں کرتے، لیکن کچھ ایسا کرتے ہیں جس سے معاملات میں تاخیر ہوتی ہے یا عام فیصلے ناممکن ہو جاتے ہیں۔