واٹر میٹرز لگانے کے لئے حکومت کو ایکشن لینا چاہیے ‘ اس کام کو تیز کریں:جسٹس شاہد کریم
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے واٹر میٹرز کی تنصیب سے متعلق ایمرجنسی لگانے کا عندیہ دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی،سماعت کے دوران پی ایچ اے، ایل ڈی اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کیجانب سے رپورٹس عدالت میں جمع کرائی گئیں۔عدالت نے پی ایچ اے کے کھالے نا چلنے اور واٹر میٹرز کی تنصیب نہ کرنے پر واسا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، عدالت نے واٹر میٹرز کی تنصیب سے متعلق ایمرجنسی لگانے کا عندیہ دیدیا اور آئندہ جمعہ کو عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ۔واساکی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں واسا ایک واٹر میٹرز لگا رہا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ واٹر میٹرز لگانے کے لئے حکومت کو ایکشن لینا چاہیے اور اس کام کو تیز کریں۔جسٹس شاہد کریم نے کہا لاہور کو باغوں کا شہر کہا جاتا ہے ، پی ایچ اے کے تمام پارکس کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔بعدازاں عدالت نے آئندہ جمعہ کو عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی اور کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔