پی ٹی آئی کو ملک بچانے کی بات کرنی چاہیے‘ اسمبلی میں بی ایل اے کیخلاف بولنا چاہیے تھا
عوام دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہی، کے پی حکومت افغانستان وفود بھیجنے میں مصروف ہے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ملک و فوج مخالف تحریک فساد کے ہوتے ہوئے قومی اتحاد نا ممکن بات ہے۔ پی ٹی آئی کو فرد واحد کو بچانے کی جنگ کے بجائے ملک بچانے کی بات کرنی چاہیے۔ کے پی حکومت افغانستان میں وفود بھجوانے میں مصروف ہے جبکہ عوام کو دہشت گردی کی آگ میں جھلس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔دہشت گردی اور پاکستان کے تمام دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا اور جہاں پر تحریک انصاف کا فسادی ٹولہ بیٹھا ہو، جو مذمت بھی نہ کرے اور اپنی فوج پر چڑھ دوڑے، وہاں پر متحد ہونا بھی مشکل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سلامتی کے لیے سب کو یکجا ہونا ہوگا۔ عظمیٰ بخاری نے نیشنل ایکشن پلان کی تجدید پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک نیا نیشنل ایکشن پلان تشکیل دینا ہوگا تاکہ دہشت گردی کا مؤثر انداز میں خاتمہ کیا جا سکے۔وزیراعظم نے دہشتگردی کے معاملے کو بڑی اچھی طرح ٹیک اپ کیا ہے اور حکومت اس مسئلے کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔