امریکی میزائل حملوں میں 7 ایرانی فوجی ہلاک، ایران کا سخت ردعمل: ’جواب ضرور دیا جائے گا‘

امریکی میزائل حملوں میں 7 ایرانی فوجی ہلاک، ایران کا سخت ردعمل: ’جواب ضرور دیا جائے گا‘

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایران میں ایک فوجی اڈے پر امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق حملہ سیستان و بلوچستان کے علاقے ایرانشہر کے قریب واقع بمپور گیریژن پر کیا گیا، جہاں امریکی میزائلوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ایرانی فوج کے بیان کے مطابق مجموعی طور پر 13 امریکی میزائل فوجی بیرکوں پر داغے گئے، جن کے نتیجے میں 388 ویں بریگیڈ کے 7 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں فوجی مہمان خانہ، گارڈ پوسٹس اور رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ کارروائی کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔ایرانی فوج نے حملے کو جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ایران پر امریکی حملوں میں 30 سے زائد عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت متاثرہ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں مزید فوجی تصادم کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔