امریکا نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرنے والے ایرانی جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے، اور سینٹکام نے اس کی ویڈیو جاری کردی ہے۔
ایرانی فوج نے فوری طور پر امریکی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں بتایا کہ امریکی فوج نے ایک ایرانی جہاز کو روکا ہے، جو آبنائے ہرمز پر امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قبضے میں لیے گئے ایرانی پرچم والے مال بردار بحری جہاز کا نام ’توشکا‘ ہے، جس کا انجن روم امریکی بحریہ نے سوراخ کرکے روک دیا ہے۔ دوسری جانب، ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کی مسلح ڈکیتی کا جلد جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکا نے ایران کے تجارتی بحری جہاز پر فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایرانی جہاز چین سے ایران آ رہا تھا، اور فورسز نے امریکی فوجی جہازوں پر ڈرون حملہ بھی کیا ہے۔ ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکہ کی جارحانہ پالیسی کے ردعمل میں کی گئی ہیں۔