ساہیوال بار کی چوتھے روز بھی ہڑتال، عدالتی امور متاثر

وکلاء کا پولیس کے خلاف احتجاج، مقدمات واپس لینے کا مطالبہ، سکیورٹی سخت
ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ساہیوال بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی، جس کے باعث عدالتی امور متاثر ہوئے اور دور دراز سے آنے والے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بار ایسوسی ایشن نے پولیس کے احاطہ کچہری میں داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔ پولیس کی جانب سے متعدد وکلاء کے خلاف مقدمات درج کیے جانے پر وکلاء برادری نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کچہری میں احتجاجی ریلی نکالی اور نعرے بازی کی۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک سعید سگھلہ اور دیگر عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ وکلاء کے خلاف درج مقدمات فوری طور پر واپس لیے جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔صدر بار نے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال، احتجاج اور عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری اپنے مئوقف پر قائم ہے اور انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔دوسری جانب وکلاء اور پولیس کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر کچہری میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔