مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا:بار کونسل
کراچی(آئی این پی ) دریائے سندھ پر مجوزہ نہروں کی تعمیر کے خلاف سندھ بار کونسل کی کال پر صوبے بھر کی عدالتوں میں وکلا نے مکمل ہڑتال کی ، جس کے باعث عدالتوں میں معمول کی کارروائیاں تعطل کا شکار ہو گئیں۔کراچی میں وکلا نے سندھ ہائیکورٹ کی مرکزی عمارت اور انیکسی بلڈنگ کے دروازے بند کر دئیے، سائلین اور سرکاری عملے کو عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ وکلا کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر سندھ کے آبی حقوق پر کھلا حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سندھ بار کونسل نے اعلان کیا ہے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔