امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں ایک خاتون کو پچھلے ایک سال سے مسلسل ایسے پیکجز موصول ہو رہے ہیں جو انہوں نے کبھی آرڈر ہی نہیں کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تمام پیکجز میں گاڑیوں کے سیٹ کورز ہوتے ہیں جو ایک چینی کمپنی "لیوسان ڈیڈین" کی جانب سے ایمازون پر فروخت کیے جا رہے ہیں، مگر ریٹرن ایڈریس میں غلطی کے باعث خریدار ناقص مال اسی خاتون کے گھر بھیج رہے ہیں۔غلطی کی بنیاد کمپنی کی ریٹرن پالیسی ہے جس میں پتہ غلط درج ہونے کی وجہ سے اب تک سیکڑوں پیکجز خاتون کو موصول ہو چکے ہیں۔ ان پیکجز کی تعداد اتنی زیادہ ہو چکی ہے کہ متاثرہ خاتون کا گیراج بھر چکا ہے، جس کے باعث ان کی 88 سالہ معذور والدہ کو گھر کے اندر چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خاتون نے کئی بار ایمازون سے رابطہ کیا، لیکن مسئلہ مستقل طور پر حل نہیں ہو سکا۔آخرکار، جب مقامی میڈیا نے معاملہ اٹھایا تو ایمازون کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں کمپنی نے متاثرہ خاتون کے ساتھ براہ راست کام کرنے اور مسئلے کا جلد از جلد حل نکالنے کی یقین دہانی کروائی۔