رحیم یار خان بلا کر اغوا کیا گیا،کچے کے ڈاکوؤں نیتشدد کی ویڈیوز اہلخانہ کو بھیج دیں 1 کروڑ تاوان مانگ لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے مزنگ سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ شہری قاسم کو ہنی ٹریپ میں پھنسا کر کچے کے علاقے میں اغوا کر لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے مغوی پر تشدد کر کے ویڈیوز اہلخانہ کو بھیج دیں اور رہائی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق قاسم کو ایک منصوبہ بندی کے تحت ہنی ٹریپ کے ذریعے ورغلا کر رحیم یار خان بلایا گیا، جہاں سے اسے کچے کے بدنام زمانہ ڈاکو اغوا کر کے لے گئے۔ مغوی پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیوز اہلخانہ کو بھیج کر تاوان کا دبائو ڈالا جا رہا ہے۔واقعہ پر لواحقین شدید پریشان ہیں جبکہ پولیس نے مزنگ تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں مغوی کی بازیابی کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ چکے ہیں۔