نئی حج پالیسی بنائی جارہی ہے، ارکان قائمہ کمیٹی اس کے لئے تجاویز دے سکتے ہیں،2025 کا حج کامیاب رہا
سعودی حکومت نے ہمیں ایکسی لینس ایوارڈ دیا، بھارت کی کمپنی ہمارے حاجیوں کو نہیں لے کر گئی:اجلاس میںبریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے سعودی عرب نے خواتین حاجیوں کے لیے محرم کی شرط ختم کردی ہے، اس سال بھی حج کے اخراجات قسطوں میں لینے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت مذہبی امور کے اجلاس کہی ۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس چئیرمین عامر ڈوگر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔سردار یوسف نے بتایا کہ 2025 کا حج کامیاب رہا، سعودی حکومت نے ہمیں ایکسیلنس ایوارڈ دیا، پاکستان میں یہ پہلی مرتبہ ایوارڈ ملا اور حاجیوں کی طرف سے بڑا اچھا فیڈبیک آیا ہے، ہماری ٹاسک فورس نے حاجیوں کیلئے بڑے اچھے انتظامات کیے ہیں، کسی حاجی کو وہاں پر کوئی شکایت ہوئی تو اسے وہیں پر حل کیا گیا، پہلی مرتبہ ہم نے اپنے حاجیوں کیلئے شعائر میں ائیر کنڈیشنڈ سہولیات کا انتظام کیا عرفات میں بھی ائیر کنڈیشنڈ خیموں کا اہتمام کیا گیاہے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شعائر میں حاجیوں کو بڑی اچھی سہولیات ملیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سعودی تعلیمات کی ہدایات کی روشنی میں انتظامات کیے جائیں، نئی حج پالیسی بنائی جارہی ہے، اراکین کمیٹی اس کیلئے تجاویز دے سکتے ہیں۔