اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج یا کل جاری ہوگا: ڈاکٹر فضل چودھری

 اسلام آباد ( آن لائن )اسلام آباد میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر فضل چودھری نے سپیکر آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے  اپوزیشن لیڈر کی تقرری کو بلاوجہ ایک سیاسی ایشو بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ اس حوالے سے آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط بالکل واضح ہیں۔انہوں نے کہا قواعد کے مطابق آج یا کل قائد حزب اختلاف کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں میں تحریک انصاف کے متعدد اراکین قومی اسمبلی نے اسپیکر آفس کا دورہ کیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بات چیت اور سیاسی رابطوں کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا  بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو مذاکرات کے لیے شرط بنانا قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کسی بھی صورت مشروط نہیں ہو سکتے اور اگر سنجیدہ سیاسی مکالمہ درکار ہے تو اسے غیر مشروط بنیادوں پر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔