حکومت پر الزام، میڈیا کی آواز بند کرنے کا دعویٰ:یاسمین راشد

حکومت پر الزام، میڈیا کی آواز بند کرنے کا دعویٰ:یاسمین راشد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی حکومت چئیرمین سینٹ کے حکم کو نظر انداز کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چئیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے، لیکن انہیں اجلاس میں شرکت سے روکا گیا، جو کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی عزت کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ حکومت انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کے ورکروں کو فوجی عدالتوں سے سزا دلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت میڈیا کی آواز کو بھی دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کو 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نو مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تاکہ سچائی عوام کے سامنے آ سکے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور جب تک انصاف نہیں ہوگا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔