شمالی کوریا کی جانب سے کم فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ

سئیول(آئی این پی)جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے سمندر میں کم فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائل داغے، جن کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آنے والی انتظامیہ کے لیے ایک پیغام ہو سکتا ہے۔سیئول کی فوج نے بحیرہ جاپان کے نام سے مشہور پانی کے ذخائر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کی فوج نے مشرقی سمندر میں داغے جانے والے کم فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا ہے۔یہ تجربہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے شمالی کوریا کے علاقے گینگگی کے قریب کیا گیا، جس میں میزائلوں نے سمندر میں اترنے سے قبل 250کلومیٹر تک پرواز کی۔قائم مقام جنوبی کورین صدر چوئی سانگ موک نے اس تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، سیئول شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی کا جواب اس کی مضبوط سکیورٹی پوزیشن اور امریکا کے ساتھ اتحاد کی بنیاد پر دے گا۔