خود ایک بھی ڈھنگ کا منصوبہ شروع نہیں کیا، دوسروں کے فلاحی منصوبوں کے بھی دشمن بنے ہوئے ہیں
پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ انسانی فلاح کے منصوبوں کو نشانہ بنانا مسلم لیگ (ن) کا پرانا وتیرہ ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں دنیا کے واحد کینسر ہسپتال شوکت خانم کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی، اب سیرت النبیؐ پر قائم القادر یونی ورسٹی کے پیچھے پڑ گئے ہیں، القادر یونی ورسٹی میں اسوہ حسنہ کی تعلیم دی جاتی ہے، نوجوانوں کو سیرت النبیؐ سے روشناس کرایا جا رہا ہے، 2022سے اب تک یونی ورسٹی نے ریاست کو اربوں روپے کا منافع بھی فراہم کیا۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا ہے کہ (ن) لیگ نے خود تو ابھی تک ایک بھی ڈھنگ کا منصوبہ شروع نہیں کیا، دوسروں کے فلاحی منصوبوں کے بھی دشمن بنے ہوئے ہیں۔