وزیراعلیٰ پختونخوا کے اعلان کے باوجود ائیر ایمبولینس منصوبہ شروع نہ ہوسکا

پشاور(آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اعلان کے باوجود ائیر ایمبولینس منصوبہ شروع نہ ہوسکا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر ایمبولینس منصوبے کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں رقم مختص کی گئی تھی لیکن کرم تنازع کے دوران بھی سرکاری ہیلی کاپٹر کو بطور ائیر ایمبولینس استعمال نہیں کیا جاسکا۔ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹرکرم سے زخمیوں کو لانے اور لوگوں کو منتقل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔صوبائی سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ ائیر ایمبولینس کی سمری وزیراعلیٰ کے پی کو بھیج دی ہے، منصوبے پر 8کروڑ روپے لاگت آئے گی اور فنڈز ڈی جی ایوی ایشن کو فراہم کریں گے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے سمری کی منظوری ملتے ہی منصوبہ شروع کیاجائیگا۔