پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے فواد چوہدری کی جانب سے تشدد کی شکایت کی، تاہم عمران خان نے اس پر کوئی خاص ردعمل نہیں دیا۔
شعیب شاہین نے عدالت میں فواد چوہدری کی موجودگی میں عمران خان کو بتایا کہ انہیں اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے عمران خان کو اپنے ہاتھ پر آنے والا زخم بھی دکھایا، جو جھگڑے کے دوران زمین پر گرنے سے آیا تھا۔ذرائع کے مطابق، عمران خان نے شعیب شاہین کی شکایت سننے کے بعد "اوہو! وہ انسانی حقوق کی پٹیشن کا کیا ہوا؟" کہہ کر معاملے کو نظرانداز کر دیا۔واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر شعیب شاہین اور فواد چوہدری کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے میں بدل گئی، جس کے دوران فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مارا، جس سے وہ نیچے گر گئے اور انہیں زخم بھی آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں، جبکہ یہ تنازع پارٹی کے اندرونی اختلافات کی ایک اور مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔