پنجاب :16ہزار 290 اشتہاری گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے خطرناک عادی اور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاون کے دوران رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں سنگین وارداتوں میں مطلوب 16 ہزار 290 اشتہاری مجرمان گرفتار کئے ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار اشتہاریوں میں اے کیٹیگری کے 5055، بی کیٹیگری کے 11235 اشتہاری شامل ہیں، پنجاب پولیس نے 6 ہزار 690 عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے، گرفتار مجرمان میں اے کیٹیگری کے 1255، بی کیٹیگری کے 5435 عدالتی مفرور شامل ہیں۔دوران آپریشنز 3820 ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم) بھی گرفتار کئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ اے کیٹیگری کے 1595 ، بی کیٹیگری کے 2225 عادی مجرم شامل ہیں۔سنگین جرائم میں مطلوب 6 اشتہاری مجرمان کو بیرون ملک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا، رواں سال لاہور میں 3440 سے زائد اشتہاری مجرمان ، 2815 عدالتی مفرور، 1680 سے زائد عادی مجرم گرفتار کئے گئے گزشتہ سال ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد اشتہاری، 67825 عدالتی مفرور، 36491 عادی مجرم گرفتار کئے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور کریک ڈاون مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ موثر تفتیش سے مقدمات کو جلد مکمل کرتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، آر پی اوز، ڈی پی اوز خطرناک مجرمان کے خلاف کریک ڈائون، ٹارگٹڈ آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔