9 مئی : 300 ملزموں پر فرد جرم عائد

 احمد بھچر ، عالیہ ، صنم کیخلاف تھانہ کمر مشانی اور موسیٰ خیل میں مقدمات درج 
سرگودھا، اسلام آباد ، لاہور (خصوصی رپورٹ )انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے میانوالی کے تھانہ کمر مشانی اور موسیٰ خیل میں درج 3 مقدمات میں300 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی ، پراسیکیوٹر میاں عارف نذیر ایڈووکیٹ کے مطابق عدالت نے تھانہ کمر مشانی کے دو مقدمات اور موسیٰ خیل کے مقدمہ میں فرد جرم عائد کی ،فرد جرم جن ملزموں پر عائد کی گئی ان میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر، ایم این اے بلال اعجاز چٹھہ ، خاتون رہنماصنم جاوید اور عالیہ حمزہ سمیت 300 سے زائدشامل ہیں ، یہ امر قابل ذکرہے کہ تھانہ کمرمشانی کے مقدمہ نمبر 179میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے نام پہلے ہی ڈسچارج ہو چکے ہیں تاہم ان پر مقدمہ نمبر72اور180میں فرد جرم عائد ہوئی ہے ،جبکہ9 مئی کے 3 مقدمات میں 1100 سے زائد نامعلوم ملزم بھی شامل ہیں ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے مقدمہ کی مزید سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی اورآئندہ تاریخ پیشی پر پولیس افسروں اور اہلکاروں کوشہادتوں کے لئے طلب کرلیا۔ ادھر اسلام آباد کی عدالتوں نے 26 نومبر احتجاج پر پی ٹی آئی کے 3 گرفتار کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں منظور کر لیں۔ گزشتہ روز دو ملزموں کی ضمانت بعد از گرفتاری پر سول جج صہیب بلال رانجھا نے سماعت کی ، عدالت نے ملزم فہیم اشرف اور فقیر خان کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض منظور کی ، ملزموں کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہے جبکہ ملزم عاطف حسین کی ضمانت سول جج مرید عباس نے 30 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض منظور کی ، ملزم کے خلاف تھانہ سنبل میں مقدمہ درج ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید اور دیگر کے خلاف احتجاج اور جلائو گھیرائو کی دفعات پر درج مقدمہ کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی ، فیصل جاوید کی جانب سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست پر دلائل نہ ہوسکے ، ملزم مکمل نہ ہونے پر عدالت نے کیس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی ،فیصل جاوید ودیگر پر تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہائوس ،عسکری ٹاور میں جلائو گھیرائو سمیت 8 مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنمائوں مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ کی عبوری ضمانت میں 4مارچ تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔