پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ فارم 47 پر شیر افضل مروت کے بیان پر وہ تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ سب کو پتہ ہے کہ فارم 47 پر کون جیتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کی پارٹی ممبرشپ کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے۔سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقاتیں نہیں کروائی جاتیں، تاہم بانی کی ہفتہ وار دو ملاقاتیں آئینی حق ہیں اور اس کے لئے عدالتی حکم بھی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے لوگوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کرتی ہے اور نہ ہی الیکشن سے متعلق رپورٹ پر کوئی صبر کر رہا ہے، نہ ہی صحافیوں پر۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ دور جھوٹے بیانیے کا ہے، جبر کا موسم ہے اور ہم اس جبر کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ ان کے مطابق، جھوٹ، فریب اور مکر کی حکومت میں پرویز خٹک جیسے لوگ ہی سامنے آئیں گے۔سلمان اکرم راجہ نے 26 نومبر کے حوالے سے کہا کہ ہمارے پاس اس بات سے متعلق بہت مواد موجود ہے، لیکن اس وقت عدلیہ کی صورتحال کچھ آئیڈیل نہیں ہے۔ تاہم، ہم حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔