جرمنی: افغان پناہ گزین نے لوگوں کو کچل ڈالا،28افراد زخمی

  24سالہ افغان نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی،مجرم کو کسی نرمی کی امید نہیں کرنی چاہیے،چانسلر 
 میونخ(آئی این پی )جرمنی کے شہر میونخ میں 24سالہ افغان پناہ گزین نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 28افراد زخمی ہو گئے۔ چانسلر نے سخت اعلان کیا کہ اس مجرم کو کسی بھی قسم کی نرمی کی امید نہیں کرنی چاہیے۔عرب میڈیا کے مطابق جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے 28 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے۔عرب میڈیا کے مطابق واقعہ تاریخی مرکز کے قریب پیش آیا، گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جرمن پولیس کے مطابق حملہ آور افغان شہری ہے جس نے پناہ کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ اس پر چوری اور منشیات فروشی کے سنگین الزامات ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز کا کہنا ہے کہ میونخ میں گرفتار ہونے والے مشتبہ افغان شخص کو سزا ملنی چاہیے اور اسے ملک سے نکال دیا جانا چاہیے۔ اس مجرم کو کسی بھی قسم کی نرمی کی امید نہیں کرنی چاہیے۔