چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کور ٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج سے حلف لیا ،پہلی بار تقریب سبزہ زار میں ہوئی ‘جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی حلف اٹھالیا
صدر نے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف لیا‘جسٹس محمد جنیدغفار نے سندھ ‘ جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا حلف اٹھایا
اسلام آباد (آئی این پی ) سپریم کور ٹ آف پاکستان میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ججز سے حلف لیا، پہلی بار تقریب حلف برداری سپریم کورٹ کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی۔حلف اٹھانے والے 6 مستقل ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس ہاشم کاکڑ شامل ہیں۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے قائم مقام جج کے عہدے کا حلف لیا۔سپریم کورٹ میں پہلی بار عدالتی احاطے کے سبزہ زار میں منعقد ہ تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، اٹارنی جنرل، ججز کے اہلخانہ، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کونسل کے عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا، جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نئے چیف جسٹس کی تعیناتی تک قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، گورنر ہائوس کراچی میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس محمد جنیدغفار سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا۔