مزدوروں کی گاڑی کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ،گاڑی تباہ ہو گئی ،جاں بحق مزدوروں کا تعلق سوات سے ہے
نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے درندوں کو سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی: وزیراعظم کا جانی نقصان پر اظہار افسوس
کو ئٹہ ‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 11کان کن جاںبحق جبکہ 6زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ ہرنائی کی تحصیل شاہرگ سے تقریبا سات کلومیٹر دور ٹاکری کے کوئلہ مائن ایریا میں پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ کوئلہ کان کے مزدور پک اپ گاڑی میں سوار تھے اور سودا سلف خریدنے شاہرگ بازار کی طرف جا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا، انہوں نے بتایا کہ مزدور ہفتے کے چھ دن کام کرتے ہیں اور جمعے کو چھٹی ہونے کی وجہ سے اپنی ضرورت کی اشیاء خریدنے جاتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق گاڑی کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہو گئی‘دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے کے نتیجے میں کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے شدید زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اورکہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے درندوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔