پی ایس 9 شکار پور : ضمنی انتخاب ، پیپلز پارٹی امیدوار کامیاب

شکارپور(خصوصی رپورٹ)شکارپور کے حلقہ پی ایس 9 گڑھی یاسین میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سید رشداللہ امروٹی اور تحریک لبیک کے اسرار احمد ابڑو کے درمیان مقابلہ ہوا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار سید رشداللہ امروٹی دوسرے اور تحریک لبیک کے امیدوار اسرار احمد ابڑو تیسرے نمبر پر رہے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور 200 رینجرز فورس کے جوانوں نے ڈیوٹی دی۔ پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار سید رشداللہ امروٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ جاگن سرکل کے 21 پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی کی گئی۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی والے مقامات کی شکایات ڈی آر او اور آر او کے پاس جمع کروا دی گئی ہیں اور انصاف کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والی دھاندلی کی ویڈیوز موجود ہیں، پولنگ عملہ مقامی وڈیروں کے دباؤ میں کام کرتا رہا۔ قبائلی جھگڑوں والے علاقوں میں ووٹرز اپنا حق رائے استعمال نہیں کر سکے، جس کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح کے وقت سردی کی وجہ سے ووٹرز کی تعداد کم رہی، تاہم دن گزرنے کے ساتھ ووٹرز کی آمد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف امیدواروں کو چاہیے تھا کہ وہ اپنے ووٹرز پر توجہ دیتے، ہارنے والے امیدواروں کی جانب سے ہمیشہ بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔