لاس اینجلس: ہالی ووڈ اسٹار روب رائنر کے گھر سے دو لاشیں برآمد، تحقیقات جاری

لاس اینجلس: ہالی ووڈ اسٹار روب رائنر کے گھر سے دو لاشیں برآمد، تحقیقات جاری

ہالی ووڈ کے  اداکار اور فلم ساز روب رائنر کے لاس اینجلس میں واقع گھر سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔ لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مغربی لاس اینجلس میں واقع رہائشی مکان سے 78 سالہ مرد اور 68 سالہ خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ پتہ ہالی ووڈ اسٹار روب رائنر سے منسلک بتایا جا رہا ہے، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک شدگان کون ہیں اور ان کی موت کی وجہ کیا تھی۔پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق ابھی تک کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

روب رائنر ہالی ووڈ کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1970 کی دہائی میں مشہور امریکی ٹی وی کامیڈی شو All in the Family میں اداکاری کی، اور بعد میں متعدد کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کی، جن میں Ten Easy Pieces, Stand by Me, The American President, اور When Harry Met Sally شامل ہیں۔اس واقعے نے ہالی ووڈ میں ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے اور مقامی حکام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ تحقیقات کے دوران افواہوں پر بھروسہ نہ کریں۔