نیو یارک (ویب ڈیسک): ہالی ووڈ کے مشہور اداکار مائیکل پِٹ پر سابقہ گرل فرینڈ کے ساتھ جنسی زیادتی، جسمانی تشدد، اور گلا گھونٹنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ان پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اداکار کو 44 سالہ متاثرہ خاتون کی جانب سے جنسی زیادتی اور تشدد کے الزامات کے بعد گرفتار کیا گیا۔گرینڈ جیوری کی طرف سے مائیکل پِٹ پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اداکار نے 2020 سے 2021 کے دوران نیویارک کے بروکلن کے بشوک علاقے میں متاثرہ خاتون کے ساتھ تشدد کیا، جس میں کنکریٹ بلاک اور لکڑی کے ٹکڑوں سے بھی تشدد کیا گیا۔ ان پر نو مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں فرسٹ ڈگری جنسی زیادتی، حملہ، مجرمانہ جنسی فعل، اور گلا گھونٹنے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
مائیکل پِٹ کے وکیل جیسن گولڈمین نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ثبوت ہیں جو ان کے مؤکل کو بے گناہ ثابت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات کئی سال بعد ایک باہمی رضامندی سے تعلق میں ہونے والے واقعات پر مبنی ہیں، جن کی تصدیق نہیں کی گئی۔
اداکار نے خود کو بےگناہ قرار دیتے ہوئے عدالت میں الزامات سے انکار کیا اور 100,000 امریکی ڈالرز کی ضمانت پر رہائی حاصل کر لی۔ مائیکل پِٹ کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت 17 جون کو بروکلن میں ہوگی، جس کے بعد مزید کارروائی کی توقع کی جا رہی ہے۔