برطانوی ہائی کمشنر کی نائب وزیراعظم سے ملاقات، ، مسائل کے حل کیلئے مذاکرات و سفارت کاری پر زور
مصری وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ، یوم آزادی پر مبارکباد‘چینی سفیرکی اہم ملاقات
اسلام آباد ( آن لائن ) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ علاقائی اور عالمی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر فریقین کی جانب سے مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔ زیرِ التوا مسائل کے حل کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی‘ اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے کے نتیجے میں چینی کوہ پیما کی المناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور میت کی وطن واپسی کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔