انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق سری لنکن ڈومیسٹک کرکٹر سالیا سمن پر کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں پانچ سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ آئی سی سی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے سنایا، جس میں انہیں امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔سالیا سمن ان آٹھ کھلاڑیوں میں شامل تھے جن پر ستمبر 2023 میں اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یہ الزامات 2021 میں ابو ظہبی ٹی10 کرکٹ لیگ کے دوران میچ فکسنگ کی کوششوں سے متعلق تھے، جنہیں آئی سی سی اور ای سی بی کے اینٹی کرپشن آفیشلز نے ناکام بنایا۔مکمل سماعت کے بعد، جس میں تحریری اور زبانی دلائل پیش کیے گئے، ٹربیونل نے سالیا سمن کو قصوروار قرار دیتے ہوئے پانچ سالہ پابندی عائد کر دی۔ اس پابندی کے تحت وہ کسی بھی قومی یا بین الاقوامی کرکٹ مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔