سٹی ٹریفک پولیس کی ریلی ، پرچم کشائی

لاہور(کرائم رپورٹر) یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی آزادی ریلی اور آبشار سنٹر میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جشن آزادی کے دن کا آغاز سی ٹی او لاہور کی قیادت میں آزادی سائیکل ریلی سے ہوا، جو لبرٹی چوک سے شروع ہوئی۔ریلی میں ٹریفک پولیس لاہور کے افسران اور سی ایم ایل سائیکلنگ کلب کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کا بنیادی مقصد اپنے سینوں پر قومی پرچم سجا کر دنیا کو یہ بتانا ہے کہ ہم ایک ہیں۔سی ٹی او لاہور کی آبشار سنٹر میں ٹریفک پولیس افسران کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے ٹریفک وارڈنز اور سول سوسائٹی کے ارکان کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹا اور مبارکباد دی۔