ملک محمد احمد خان نے 78ویں یومِ آزادی پر گورنر ہاؤس لاہور میں قومی پرچم لہرایا
قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان کی پوری قوم کو یومِ آزادی اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر مبارکباد
لاہور(سپیشل رپورٹر) گورنر ہاؤس لاہور میں جشنِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ قائم مقام گورنر پنجاب، ملک محمد احمد خان نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر گورنر ہاؤس لاہور میں قومی پرچم لہرایا۔پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور فضا ''پاکستان زندہ باد'' کے نعروں سے گونج اٹھی۔ تقریب میں اہم سرکاری شخصیات، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے پوری قوم کو یومِ آزادی اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملکی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد ہم ایک قابلِ فخر قوم کے طور پر دنیا کے سامنے ہیں۔ ۔پہلگام کا واقع بھی اسی کی مثال تھا۔جس کا بہانہ بنا کر اس نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا۔ مگر جب 10 مئی کا سورج طلوع ہوا تو فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور بحریہ کے چیف نے جس طرح چند گھنٹوں میں دشمن کو دھول چٹائی۔بعد ازاں، قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے ملک کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔