ویب ڈیسک: حال ہی میں قلبی مسائل کا شکار ہونے والی پاکستانی صفِ اول کی اداکارہ صبا قمر نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر عاطف اسلم کا ایک ویڈیو کلپ ری شیئر کیا، جس میں گلوکار کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں یومِ آزادی کے موقع پر پرفارمنس دے رہے ہیں۔ اس پرفارمنس سے ایک روز قبل ہی ان کے والد انتقال کر چکے تھے۔صبا قمر نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا:"میں اس درد کو جانتی ہوں، میں اسے سمجھ سکتی ہوں کیونکہ میں بھی اس سے گزر چکی ہوں۔ کسی بھی شخص کے لیے اپنے غم کو دل کی گہرائیوں میں چھپا کر لبوں پر مسکراہٹ رکھنا ایک مشکل کام ہے۔"انہوں نے مزید لکھا کہ عاطف اسلم نے والد کے انتقال کے باوجود اگلے دن اسٹیج پر کھڑے ہوکر پرفارم کیا، جو ان کی ہمت، عزم، احترام اور محبت کی مثال ہے۔صبا قمر کا یہ اظہار سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا گیا اور مداحوں نے بھی عاطف اسلم کی ہمت کی تعریف کی۔