مودی کی عوام سے اپیل: کھانے کے تیل کے استعمال میں 10 فیصد کمی کریں

مودی کی عوام سے اپیل: کھانے کے تیل کے استعمال میں 10 فیصد کمی کریں

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعے سے اپنی سیاسی تاریخ کا سب سے طویل خطاب کرتے ہوئے سیاسی نکات کے بجائے قوم کی صحت پر توجہ مرکوز کی۔

 103 منٹ طویل تقریر میں انہوں نے بھارتی عوام کو اپنی صحت کی فکر کرنے اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا مشورہ دیا۔مودی نے خبردار کیا کہ آنے والے برسوں میں موٹاپا بھارت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، اس لیے ہر خاندان کھانے کے تیل کے استعمال میں کم از کم 10 فیصد کمی کرے تاکہ یہ قومی سطح پر صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو۔ انہوں نے موٹاپے پر قابو پانے کو ذاتی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ اجتماعی مشن قرار دیا۔بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کے مطابق ملک میں موٹاپے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کی بڑی وجوہات غیر فعال طرزِ زندگی اور غیر متوازن خوراک ہیں۔ تازہ سروے کے مطابق 24 فیصد بھارتی خواتین اور 23 فیصد مرد زائد وزن یا موٹاپے کا شکار ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔رپورٹ کے مطابق شہروں میں موٹاپے کی شرح سب سے زیادہ ہے، تاہم دیہی علاقوں میں بھی یہ رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس پر ماہرین صحت اور حکومتی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔