ایران نے لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کو ترجیح دی ہے، حزب اللہ سربراہ کا دعویٰ

ایران نے لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کو ترجیح دی ہے، حزب اللہ سربراہ کا دعویٰ

بیروت: حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ایران نے لبنان پر اسرائیلی حملے بند کرانے اور لبنانی سرزمین سے اسرائیلی فوج کے انخلا کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے، جسے حزب اللہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت نے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کمی لانے کے حوالے سے مؤثریت ظاہر کی ہے۔حزب اللہ کے سربراہ نے ایران کے مؤقف کو لبنان کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کا خاتمہ اور لبنانی سرزمین سے اسرائیلی فوج کا انخلا اہم معاملات ہیں۔شیخ نعیم قاسم نے خطے میں مزاحمتی تحریکوں کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریکیں اسرائیلی قبضے کے ردعمل میں سامنے آئیں، جبکہ ان کے بقول امریکا اور دیگر مغربی طاقتوں کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے 1982 میں اپنے قیام کے بعد سے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے اور اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔شیخ نعیم قاسم کے مطابق ایران کی جانب سے لبنان کے معاملات کو ترجیح دینا اہمیت کا حامل ہے اور حزب اللہ اس مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔