برطانیہ میں ایک رگبی میچ سے قبل سیکیورٹی خدشے کے باعث غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں میچ تقریباً 80 منٹ کی تاخیر کا شکار ہوا۔
یہ واقعہ گول وائکنگز اور وائٹ ہیون کے درمیان بیٹفریڈ چیمپئن شپ کے میچ سے قبل وکٹوریہ گراؤنڈ میں پیش آیا۔ معمول کے پری میچ سیکیورٹی چیک کے دوران گراؤنڈ کے قریب ایک مشکوک اور ممکنہ طور پر خطرناک چیز دیکھی گئی۔صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کیا گیا اور اسٹیڈیم کو خالی کروا لیا گیا۔ اردگرد کے علاقے کو بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔ اس دوران ہمبرسائیڈ پولیس سمیت بم ڈسپوزل یونٹ کے ماہرین موقع پر پہنچ گئے۔
ابتدائی معائنے اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد ماہرین نے تصدیق کی کہ برآمد ہونے والی چیز کوئی حقیقی دھماکہ خیز مواد نہیں تھی بلکہ ایک نقلی (غیر فعال) گرینیڈ تھا، جو کسی خطرے کا باعث نہیں تھا۔سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد اس شے کو محفوظ طریقے سے ہٹا دیا گیا اور اسٹیڈیم کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ بعد ازاں میچ کو دوبارہ شروع کیا گیا، تاہم اس دوران تقریباً 80 منٹ کی تاخیر ہو چکی تھی۔حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ نقلی گرینیڈ وہاں کیسے پہنچا۔