شام 5 سے رات 1 بجے تک بجلی بند،مہنگی بجلی کیلئے بھی تیاررہنا ہوگا،ترجمان
بجلی بندش سے پانی کا بھی بحران ،گیس بندش کا دورانیہ 20گھنٹے تک جا پہنچا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاور ڈویڑن نے بجلی طلب میں اضافے کے باعث پیک آورز میں روزانہ سوا 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان کر دیا جس پر عملدر آمد گزشتہ روز سے شروع کر دیا گیا ہے،پاور ڈویڑن کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ حکومت کو پیک آورز میں کھپت میں اضافے کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے، شام 5 سے رات 1 بجے تک روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی،ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈسکوز کو بجلی بند کرنے کے اوقات صارفین سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، حکومت ہر وہ اقدام کرے گی جس سے عوام کو ریلیف ملے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کمرشل مارکیٹس کی بروقت بندش سے بجلی کی طلب کم کی جاسکتی ہے، ترجمان نے کہا کہ مہنگے ایندھن پر انحصار سے بجلی کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے، وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر 80 ایم ایم سی ایف ایف ڈی مقامی گیس پاور پلانٹس کو مہیا کر دی گئی، اس سے بجلی کی قیمت میں 80 پیسے فی یونٹ اضافے اور اضافی لوڈ مینجمنٹ کو روک دیا گیا، ترجمان کے مطابق فرنس آئل کا استعمال محدود کرنے کے باوجود تقریباً 1.5 روپے فی یونٹ اضافے کیلئے تیار رہنا ہوگا، بروقت اقدامات نہ کئے جاتے تو قیمت میں 5 سے 6 روپے یونٹ اضافہ ہو سکتا تھا۔دریں اثنا ملک بھر میں بجلی اور گیس کی بد ترین لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ، گھریلو امور اور کاروباری سر گرمیاں بری طرح متاثر ہونے لگیں ۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔ لاہور میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق سسٹم میں گیس کی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر 20گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔