دنیا وزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کی کاوشوں کی معتروف ہے،برطانوی رکن پارلیمنٹ
اسلام آباد/لندن (آن لائن) پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بازگشت اب برطانوی پارلیمنٹ تک پہنچ گئی، جہاں اراکین نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد افضل نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع ختم کرانے میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا ان کی مخلصانہ کوششوں کی معترف ہے۔اس موقع پر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھی محمد افضل کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق، امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں ہونے والے سفارتی رابطوں کے نتیجے میں پاکستان ایک ذمہ دار اور مؤثر عالمی سفارتی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی پیچیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان نے ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، جس سے نہ صرف کشیدگی میں کمی آئی بلکہ ایک ممکنہ بڑے تصادم کو بھی ٹالا جا سکا۔ماہرین کے مطابق، پاکستان کی سول و عسکری قیادت نے مربوط حکمت عملی کے تحت سفارت کاری کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو ایک بڑی جنگ کے خطرات سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کا اعتراف اب عالمی فورمز پر بھی کیا جا رہا ہے۔