زمین کی برکت، ایمان اور خاندانی رشتوں کے استحکام کا خوبصورت جشن ہے:خاتونِ اول
اسلام آباد (آن لائن) خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے بیساکھی کے موقع پر ہندو اور سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار خوشی، شکرگزاری اور باہمی محبت کا پیغام لے کر آتا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بیساکھی زمین کی برکت، ایمان اور خاندانی رشتوں کے استحکام کا خوبصورت جشن ہے، جبکہ فصل کی کٹائی کا یہ موقع خوشی کے ساتھ ساتھ محنت کے اعتراف اور اللہ کے حضور شکرگزاری کا بھی وقت ہوتا ہے۔خاتونِ اول نے دیہی خواتین کی محنت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کھیت اور گھر دونوں ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے معاشرے میں مثالی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی خواتین خاندان کو جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور یہی مضبوط خاندان ایک مستحکم معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بیساکھی جیسے تہواروں پر مل جل کر خوشیاں منانا شکرگزاری کا بہترین اظہار ہے، جبکہ ہندو اور سکھ برادری کی روایات پاکستان کی قومی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ بیساکھی کا یہ پرمسرت موقع سب کے لیے امن، خوشحالی اور امید کا پیغام لے کر آئے، اور محنت کے بعد خوشیوں کا یہ موسم ہر گھر میں مسکراہٹیں بکھیر دے