بیساکھی ایسا تہوار ہے جہاں امید فصل کی طرح لہلہاتی ہے: بلاول بھٹو زرداری

سکھ یاتریوں کو خوش آمدید،آئیں ہم سب مل کر ملک و معاشرے میں امن کے بیج بوئیں اور سب کی خوشحالی پر مبنی مستقبل کی فصل کاٹیں:پی پی پی چیئرمین 
اسلام آباد(آن لائن)پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بیساکھی ایسا تہوار ہے جہاں امید فصل کی طرح لہلہاتی ہے‘یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور محنت ہر موسم کو خوشحالی میں بدل سکتے ہیں۔سرزمینِ پنجاب کے تاریخی و خوشیوں بھرے تہوار ویساکھی / بیساکھی پر پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھ برادری سمیت ویساکھی منانے والے تمام افراد و برادریوں کو مبارکباد دی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ویساکھی منانے کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ویساکھی / بیساکھی ایسا تہوار ہے جہاں امید فصل کی طرح لہلہاتی ہے۔یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور محنت ہر موسم کو خوشحالی میں بدل سکتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی سکھ برادری کی بے مثال خدمات اور شاندار ورثے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اورکہا کہ پاکستان کی سکھ برادری کی خدمت، جراَت اور وابستگی کا جذبہ قومی ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہے‘پیپلز پارٹی ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور شمولیت کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ویساکھی کے پرمسرت موقع پر آئیں ہم سب مل کر ملک و معاشرے میں امن کے بیج بوئیں‘ آئیے ہم سب مِل کر برداشت کی اقدار کو پروان چڑھائیں اور اتحاد، وقار اور سب کی خوشحالی پر مبنی مستقبل کی فصل کاٹیں