بلاول بھٹو نے کہا ہے اس معاملے پر عوام کے ساتھ ہیں وزیراعظم کا ساتھ نہیں دیں گے، 18 اپریل کو حیدرآباد میں چیئرمین پی پی کا جلسہ ہے
اعظم سواتی کے مذاکرات کے حوالے سے معلوم نہیں، کراچی میں بدامنی ہوگی تو 80 اور 90 کی دہائی یاد کی جائے گی:میڈیا سے گفتگو
سیہون(آئی این پی )وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کینالز کے خلاف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری واضح بیان دے چکے ہیں، کینالز نہیں بنیں گی، ہمارا موقف اور کیس مضبوط ہے، جو بھی سنے گا وہ کینالز منصوبے کو ترک کردے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے والد عبداللہ شاہ کی برسی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ اللہ تعالی مجھے بھی ہدایت دے کہ والد کے نقش قدم پر چل کر خدمت کروں، ملک کی بہتری کیلئے سب مل کر کام کریں۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کینالز معاملے پر ہم عوام کے ساتھ ہیں وزیراعظم کا ساتھ نہیں دیں گے، 18 اپریل کو حیدرآباد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعظم سواتی کے مذاکرات کے حوالے معلوم نہیں، مجھے نہیں پتہ کہ کس کو مینڈیٹ ہے، پی ٹی آئی اختلافات کا شکار ہے، لگتا نہیں کہ وہ بات چیت کریں، کیوں کہ وہ ایک بیان دیکر پھر دوسرا موقف رکھتے ہیں،مجھے نہیں لگتا پی ٹی آئی والے اپنی طرز سے ہٹیں گے، وہ ایسے بیان دیتے ہیں جو پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہوں۔