امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے روسی ڈیزل پلانٹس اور ریفائنریوں کو نشانہ بنانے والے حملے روکنے کو کہا ہے، کیونکہ ان حملوں سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
آئرلینڈ سے واشنگٹن ڈی سی واپسی کے دوران ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روسی ایندھن کی پیداوار میں رکاوٹ عالمی سپلائی کو متاثر کررہی ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس سے بڑی مقدار میں ڈیزل عالمی مارکیٹ میں آتا ہے اور یوکرینی حملوں کے باعث روسی پلانٹس متاثر ہورہے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے صدر زیلنسکی سے واضح طور پر کہا ہے کہ ڈیزل پلانٹس اور ریفائنریوں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ان کے مطابق روسی ڈیزل کی عالمی مارکیٹ تک رسائی میں مشکلات کے باعث قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ روسی ایندھن کی برآمد میں رکاوٹ ایک ایسا معاملہ ہے جس سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے اور اسے روکنا ضروری ہے۔