تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کردی

 پی ٹی آئی مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دے گی: بیرسٹر گوہر 
 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے دھرنوں اور عوامی احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مشترکہ احتجاجی محاذ کا عندیہ دے دیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف جماعت اسلامی کے دھرنوں اور عوامی احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے، جبکہ عمران خان کی رہائی سے متعلق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور عام آدمی کے استحصال کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے 20 ستمبر کے متوقع احتجاج اور ملک گیر دھرنوں کے بعد پی ٹی آئی اپنے 27 ستمبر کے طے شدہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے جماعت اسلامی کو باضابطہ دعوت دے گی۔