مغلپورہ پل پر ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان ہوا،ٹریفک وارڈنز کو سنگین نتائج کی دھمکیاں، سی ٹی او کا کارروائی کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر) مغلپورہ پل پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار نے چالان ہونے پر طیش میں آکر موٹرسائیکل سڑک پر پٹخ دی اور ٹریفک وارڈنز سے بدتمیزی کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ واقعے پر سی ٹی او لاہور نے نوٹس لیتے ہوئے وائیلیٹر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مذکورہ شہری اس سے قبل بھی تین مرتبہ بغیر ہیلمٹ اور ایک مرتبہ سگنل کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں، ان سے بدتمیزی اور دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں۔ شہری ہیلمٹ چالان سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے پہنیں۔