چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سہیل آفریدی کیخلاف کیس کی سماعت کرے گا
بانی پی ٹی آئی کی طرح دیگر قیدیوں کو پرائیویٹ ہسپتال سے علاج کرانے کا کیس بھی زیر سماعت ہوگا
اسلا م آباد(آئی این پی )وفاقی آئینی عدالت اورسپریم کورٹ میں چھٹیاں ختم ہوگئیں جس کے بعد آج اہم کیسز پر سماعت ہوگی۔وفاقی آئینی عدالت میں آج (پیر کو ) 2 اہم مقدمات پر سماعت ہوگی،چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سہیل آفریدی کیخلاف کیس کی سماعت کرے گا۔سہیل آفریدی کیخلاف درخواست شیر افضل مروت نے دائر کر رکھی ہے جس میں علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلی بحالی کی بھی استدعا کی گئی ہے،بنچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہونگے۔وفاقی آئینی عدالت میں دوسرا اہم کیس بانی پی ٹی آئی کی طرح دیگر قیدیوں کو پرائیویٹ ہسپتال سے علاج کرانے کا فکس ہے،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا،اڈیالہ جیل میں قید تین قیدیوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت میں دائر کر رکھی ہے،اپیل میں بانی پی ٹی آئی کی طرح دیگر قیدیوں کو بھی طبی سہولیات دینے کی استدعا کی گئی ہے