بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم کھلاڑیوں سے محروم

بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم کھلاڑیوں سے محروم

ویسٹ انڈیز نے رواں ماہ بنگلادیش کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس میں فاسٹ بولر الزاری جوزف اور وائٹ بال کپتان شائے ہوپ کو شامل نہیں کیا گیا۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق الزاری جوزف کو طبی مسائل کے باعث طویل فارمیٹ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شاندار فارم کے باوجود شائے ہوپ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بورڈ کے مطابق طبی معائنے اور ماہرین سے مشاورت کے بعد الزاری جوزف کو ٹیسٹ سیریز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مسلسل طویل اسپیلز کے باعث انجری کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔ ان کی جگہ آل راؤنڈر کیمو پال کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب 23 سالہ بیٹر کیون وکھم کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ میں بارباڈوس کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلسل تین اننگز میں سنچریاں اسکور کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔

اوپننگ بیٹر جان کیمبل بھی ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔شائے ہوپ کو تینوں فارمیٹس میں مسلسل کھیلنے کے بعد آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ آئندہ اہم مقابلوں کے لیے تازہ دم رہ سکیں۔بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 اکتوبر کو ڈھاکا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 5 نومبر سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔یہ سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں آخری اسائنمنٹ ہوگی۔